بھٹکل 9 نومبر(ایس او نیوز) بی بی شمیم پیرزادے جالی پٹن پنچایت کی صدر اور فرحانہ ارشاد ائیکیری (ڈاٹا) نائب صدر بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں، دونوں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے صدارتی انتخابات میں کھڑی ہوئی تھیں۔
تیسری مرتبہ جالی پنچایت سے منتخب ہونے والی بی بی شمیم اس سے قبل ایک میعاد کے لئے نائب صدر اور اس کی اگلی میعاد میں صدر رہ چکی ہیں، اب جالی کو پٹن پنچایت میں منتقل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ 20 کونسلرس پر مشتمل جالی پٹن پنچایت میں تنظیم کی حمایت سے آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے جیت درج کرنے والوں کی تعداد 11 ہے، یہاں کانگریس پارٹی کے 6 اور بی جے پی کے 3 کونسلرس ہیں۔ اس بار صدر کے لئے جنرل لیڈیس اور نائب صدر کے لئے پسماندہ طبقہ لیڈیس کے لئے سیٹ مختص تھیں۔
تنظیم نے اتوار کو اپنی مجلس انتظامیہ میں اس انتخاب کے لئے بی بی شمیم کو صدر اور فرحانہ کو نائب صدر کے طور پر نامزد کرتے ہوئے جالی پٹن پنچایت کے صدارتی انتخابات کے لئے میدان میں اُتارا تھا اور توقع کے عین مطابق دونوں نے جیت حاصل کیں۔ پیر کو منعقدہ انتخابی کاروائی کے دوران تمام 20 کونسلرز موجود تھے۔ بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے دوپہر 12:30 بجے ان دونوں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔